TopSecurity

معاملہ تعلیم کا، نئی نسل کو بچانے کا، امربالمعروف اور نہی عنی المنکر کا-۱

مُّلا ابن المغرب کی ڈائری

ایک عرصہ گزر گیا ہے، اس ڈائری کو لکھے ہوئے۔ طویل غیر حاضری کی وجوہات طویل تر  ہیں ۔ تاہم ایک بات جو اہم ہے وہ یہ کہ مغربی نظام تعلیم کے گہرے اور بہت ہی زیادہ گہرے یعنی سمندر میں ڈوب کرمطالعے نے ملّا ابن المغرب کو ادھر ادھر تانک جھانک کی مہلت ہی نہ دی۔ لیکن گزشتہ ہفتے علامہ دانش کی ویک اینڈمجلس میں اس مو ضوع پر خوب گفتگو رہی تھی۔علامہ دانش کو میری مغربی نظام تعلیم سے دلچسپی کا علم ہو چکا تھا۔ پوچھنے لگے کہ ملّا مغربی نظام تعلیم کی سب سے اہم خصوصیت بتلاوُ۔

‘‘مغربی نظام تعلیم انسانوں کے نفس کی خواہشات کا احترام سکھا تا ہے یا دوسرے لفظوں میں احترامِ انسانیت سکھا تا ہے۔’’ میرے دوٹوک اورحتمی جواب پر علامہ دانش نے عجیب انداز میں مجھے گھور کر دیکھا ۔ان کے چہرے کی تمام کیفیات کو میں بیان نہیں کر سکتا البتہ اس پر غصہ پوری طرح عیاں تھا۔ کہنے لگے کہ ـ‘‘تو کیا تم اب احترام خواہش نفس اور احترام انسانیت میں کوئی فرق نہیں سمجھتے“۔

میں نے پورے اعتماد سے جواب دیا ”نہیں! انسان کے اندر سب سے قیمتی شے نفس ہی توہے۔نفس اور اسکی خواہشات کا احترام نہ کرنا انسانیت کی توہین ہے“ ۔

 علامہ دانش نے کہا ”یہ تو انسانیت کے نام پر شیطانیت کا احترام ہوا“۔

” نہیں! انسانیت اسی کا تو نام ہے “۔

 میں نے اہم علماءمغرب کے فلسفیانہ خیالات سے آگاہ کرتے ہوئے علامہ دانش کو قائل کرنے کی کوسش کی تھی۔ لیکن علامہ تو اور ہی بگڑ گئے اور کہنے لگے یہ توسارے علماءجاہل ہیں۔ عام طور سے علامہ دانش ٹھہرکر اور منطقی انداز میں بات کرتے ہیں لیکن اس وقت ان کا غصہ سر چڑھ کر بولنے لگا۔ میں نے کہا کہ احترام انسانیت اور آزادی فکر اورآزادی اظہار کایہ بھی تقا ضا ہے کہ ان علماءمغرب او ر ان کے علوم کی قدر کی جائے۔کہنے لگے جب تمہیں علما ، علوم، خواہشاتِ نفسانی، علم برائے حیوانیت وغیرہ کے مفہوم سے واقفیت نہیں ہے، تو” انسانیت“ اور ” آزادی اظہار “کے درس سے باز آجاوُ۔تم دوسرے لفظوں میں یہ کہہ رہے ہو کہ ایک قاتل کی خواہشِ قتل کا احترام کیا جائے اور اسے قتل کرنے کی آزادی بھی حاصل ہو۔“

میں نے ان کے غصے کی بجائے اپنے نفس کے احترام کو ملحوظ رکھتے ہوئے جواب دیا کہ ”جی ہاں!مغربی مفکرین اسی لئے سزائے موت کے خلاف ہیں۔کہتے ہیں کہ قاتلوں کا احترام واجب ہے۔انھیں قتل کی سزاکی بجائے جیل کی کم سے کم سزا ہو اور وہ بھی وی آئی پی اندازکی۔’’

 علامہ دانش نے اب قرآن کی قر۱ئت شروع کردی (مفہوم)” پھرکیا تم نے کبھی اس شخص کے حال پر بھی غور کیا جس نے اپنی خواہش نفس کو اپنا خدا بنا لیا“ (الجاثیہ آیت ۳۲)

اب اس بحث و مباحثہ کی زیادہ تفصیلات لکھ نہیں سکتا اس کی ایک وجہ طوالت دوسری وجہ اپنی شکست ہے۔ ویسے بھی علامہ دانش سے کون جیت سکتا ہے۔ملّا بھی اکثر زندگی کے بہت سے الجھے مسائل کو انھیں کے پاس سلجھاتاہے اور اس طرح ایک احترام کا تعلق قائم ہے جو بنائے رکھنا چاہتا ہے۔ ملّا اختلاف کے ساتھ اتحاد کا بھی قائل ہے۔قارئین جانتے ہیں کہ کس طرح یہ ملّا مسٹر چنگار کے ساتھ تفادت کے باوجود دوستی کو نبھاتا رہا ہے۔ اب جا کرمسٹر چنگار کو بہت بے آبرو کر کے مسجد سلام سے نکالا گیا ہے، ان کی رکنیت بھی ختم کر دی گئی ہے ۔ مجھے یہ سب اچھا نہ لگا ۔ لیکن اس کی تفصیلات بعد میں کبھی لکھوں گا۔مختصراً یہ جان لیجئے کہ انھیں مسجد کے نام پر قبروں کی ذاتی تجارت اور اسی مقصد کے لئے مسجد کو بھاری سود پر قرض حاصل کرنے کےلئے استعمال میں لانے کے الزام میں باثبوت تفتیشی رپورٹ کے بعد نکالا گیا ہے۔ ہمیں ان کا قبروں کی تجارت کا ایک اشتہار اچھا لگا تھا۔

”دو بالغ قبروں کی خریداری پر ایک بچہ قبر فری“۔

 نئے قارئین کو بتاتا چلوں کہ مسٹرچنگار اور ان کے استاد امام چٹیل (جو کینیڈین اماموں کی کونسل کے صدر بھی رہ چکے ہیں) کا اصل کارنامہ کینیڈا میں قوم لوط ؑکی باقیات کی دریافت ہے اور اس قوم کو اقتدار میں لانے کا سہرا بھی انہی کے سر ہے۔ انہی منتخب لیڈروں کے ذریعہ ملک میں ہم جنسوں کی شادی کا قانون اوراونٹاریو ریاست میں ہم جنس پرست تعلیم پرائمری سطح سے شروع کرانا ممکن ہوا۔ مسٹر چنگار اور امام چٹیل اس میں”مسلم مددگار“ ہونےکی وجہ سے ہمیشہ مبارکباد کے مستحق رہیں گے۔

بات کہیں سے کہیں اور نکل جائے گی۔مغربی نظام تعلیم اور پبلک ایجوکیشن کے حوالے سے اس ملّا کے ہم نوا علامہ دانش کی مجلس میں ایک ہی ہیں اور وہ ہیں معرف دانشور مسٹر شدید الفکر ۔ یوں تو یہ مسٹر شدیدالفکر کٹراسلام پسند ہیں بلکہ انہیں اسلامسٹ کہا جائے تو بہت خوش ہوتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کا یہ بھی خیال ہے کہ ہمیں زمانہ کے رنگ ڈھنگ، چال چلن اور ہوا کے رخ کا بھی ساتھ دینا چاہئے۔مثلاً وہ اسلام کے ساتھ ساتھ جمہوریت، لبرلزم، اورپبلک ایجوکیشن سسٹم کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں بلکہ ان کے نزدیک دین اسلام کی اقامت کا راستہ بھی ان تینوں ذرائع سے ہی مل سکتا ہے۔ ملّا کی ان کی ساتھ ہم خیالی اور ان کے مضبوط دلائل کے باعث ملّا کا اپنابھرم بھی قائم رہ جاتا ہے ۔

لیکن ان کی فکری تردید کے لئے علامہ دانش کے علاوہ اس مجلس میں علی متقی اور عمر مجددی شامل ہوتے ہیں۔علامہ دانش کتنی ہی بارانہیں پبلک ایجوکیشن کی تبلیغ سے روکنے کے لئے اور ان کی ”غلط فہمی ’’دور کرنے کے لئے یہ بات سمجھا چکے ہیں کہ:

 خواندگی (Literacy) ، ہنرمندی(Technical Skills) اور تعلیم(Education) تین مختلف چیزیں ہیں اور آپ ہمیشہ اس کو خلط ملط کر دیتے ہیں۔بلاشبہ خواندگی اورہنرمندی رزق کے لئے اور ملازمت کے لئے ایک اچھا وسیلہ ہے۔قدیم مصر اور بابل کے دور سے لے کر آج شمالی امریکا کے جدید دور تک شاید ہی کوئی مہذب قوم ایسی رہی ہو جس نے خواندگی اورہنرمندی کاا اہتمام نہ کیا ہو ، لیکن بہرکیف یہ تعلیم نہیں ہے۔ہر قوم اپنے ذہن میں انسانِ مطلوب اور انسان کامل کا ایک واضح تصور رکھتی ہے۔اس معیار مطلوب تک پہنچنے کے لئے اپنے قوم کے بچوں کی فکری، ذہنی اور اخلاقی تعلیم و تربیت کا اہتمام کرتی ہے۔اسے کہتے ہیں تعلیم۔ دوسری طرف خواندگی اور ہنرمندی انسان کی جسمانی یا حیوانی ضروریات اور اس کو سہولتیں بہم پہنچانے میں تومددگار ہوتی ہیں لیکن شرف انسانیت کے لئے اور مہذب، با اخلاق،خدا ترس، رحمدل ، اور غم گسار انسان بنانے کے لئے اور عادلانہ معاشرہ قائم کرنے کے لئے خواندگی اور             کارہنرمندی کوئی مدد نہیں کر سکتی۔یہاں تعلیم درکار ہے۔تعلیم انسان کو زندگی کے اعلیٰ اقدار سے آشنا کرتی ہے، زندگی میں پاکیزگی، رفعت و لطافت پیدا کرتی ہے۔ انسان صرف جسم ، نفس اور اس کی خواہشات ہی کا نام نہیں ہے بلکہ حسن کردار ،اعلیٰ اخلاق،بے لوثی اور عظیم جذبات کا نام ہے۔اور حقیقی انسان اسی کو کہتے ہیں۔

علامہ دانش اپنی تقریر کے اختتام پر یہ بھی کہتے کہ اب کیا آپ ایمانداری اور اعتماد سے یہ بات کہ سکتے ہیں کہ اونٹاریو کینیڈا کا پبلک ایجوکیشن سسٹم ایسا انسان پیدا کر سکتا ہے ؟

ابوالحقائق نے اونٹاریو صوبائی اسمبلی سے پاس ہونے والے بل13 ، ایکسیپٹنگ ایجوکیشن ایکٹ Accepting Education Act (گے لائف اسٹائل کی قبولیت عام کا ایکٹ)، اسکولوں میں قائم ہونے والے گے اسٹریٹ کلب(Gay-Straight Alliance Club)، گے پریڈ ڈے اور ویک، پنک ڈے، دو ماں اور دو باپ کا تصور، بچوں میں کے جی کی سطح سے ریڈیکل سیکس ایجوکیشن جس میں درجنوں قسم کے جنسی افعال کی عملی تعلیم گریڈ ۳ سے، جس طرح کھول کر بیان کیا ہے،اسے پاور پوائنٹ پر سمجھایا ، اور سرکاری پالیسی کی وڈیو کے ذریعے بے نقاب کیا ہے اور یہ بتا دیا ہے کہ نئے ایکٹ کا مقصد دراصل تمہارے بچوں کو ہم جنس پرست اور جنسی حیوان (حالانکہ لفظ حیوان کا استعمال بھی یہاں حیوانوں کی توہین ہے کہ حیوان کبھی فطرت سے ہٹا ہوا جنسی فعل نہیں کرتا) بنانا ہے، اس کے بعد کسی میں ہمت نہیں کہ پبلک ایجوکیشن کے دفاع میں لب کشائی کرسکے۔ تاہم مسٹر شدید الفکر کامعاملہ مختلف ہے ۔علامہ دانش کی بات کا ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ اس کی ایک وجہ ان کا اپنے آپ کو عقل کل سمجھنا،اور اپنی دانشمندی پر اصراراور دیگر کی دانائی پر شبہ کرنا بھی ہے۔ اس کی دوسری وجہ ان کا یہ خیال بھی ہے کہ جس طرح زبان کی بولی اوربندوق کی گولی واپس نہیں ہوتی اسی طرح ان کی رائے بھی کبھی واپس نہیں لی جا سکتی۔وہ پٹھان نہیں ،اور پٹھان تو بس یونہی بدنام ہیں لیکن اس محاورے پر پورے اترتے ہیں کہ ”زمیں جنبد نہ جنبد گل محمد“

علی متقی تو عملاً اپنے گھر میں ایسی مثال قائم کر چکے ہیں کہ ان کی عملی مثال کے آگے سارے دلائل دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں۔وہ چار بیٹوں اور دو بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کا انتظام اپنے گھر میں اپنی تعلیم یافتہ نیک بخت اہلیہ کے ساتھ کرتے ہیں۔انھوں نے اپنے بچوں کو پبلک اسکول نہیں بھیجا۔ان کا سب سے بڑا بیٹا جس نے 12گریڈ تک ”گھریلو تعلیم“ کی ہے اب میڈیکل کالج میں داخل ہوا ہے۔ علی متقی کہتے ہیں کہ خواندگی، ہنرمندی اور تعلیم تینوں کا انتظام گھر پر بخوبی ہو سکتا ہے اور اس کے لئے ہم خیال لوگوں سے مدد لی جا سکتی ہے۔ ان کے ہر بچے پبلک اسکول جانے والے اپنے ہم عمر بچوں کے مقابلے کم از کم دو گریڈ آگے رہے۔ حساب، سائنس اور انگلش میں اعلیٰ کارکردگی کے علاوہ عربی، قرآن، اور اسلامیات کا بھی بہترین علم حاصل کیا اس کے علاوہ زندگی کے دیگر مشاغل اور ہنرمثلاً گھر کے سارے کام کاج، روزمرہ کے معاملات زندگی ، مسائل کا حل، سوئمنگ اور دیگر اسپورٹس وغیرہ میں بھی ان کے بچے بہت آگے ہیں۔مزید بر آں ان کے بچے والدین اور دیگر اعزاءکے حقوق پہنچاننے والے اور اعلیٰ اخلاق اور کردار کے حامل اور قابل رشک بچے ہیں۔

 علی متقی کے اس تجربے اور پبلک اسکول کی پیداوار کو دیکھ کر اور ان کا موازنہ کرکے کون پبلک ایجوکیشن کی حمائت کر سکتا ہے۔ علی متقی کے پاس ایسی یونیورسٹیوں کی لسٹ ہے جس نے تجربہ، مشاہدہ اور تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ پبلک اسکولوں کے بچے یونیورسٹی کے قابل نہیں رہے۔کیونکہ وہ طویل وقت تک بیٹھ کر کتابوں کے مطالعہ میں انہماک قائم نہیں رکھ سکتے، ان میں بدحواسی اور باوُلا پن پایا جاتاہے،فیس بک، ایلیکٹرانک گیمز، یو ٹیوب کے کثرتِ مشاہدہ نے ان میں مزید اضطراری کیفیت پیدا کر دی ہے۔

 اس کے مقابلے میں ہوم اسکولنگ کے بچے یونیورسٹیوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔اور اب ان یونیورسٹیوں کی انتظامیہ ہوم اسکولرز طلباءکوپبلک اسکول کے طلباءپر ترجیح دینے کا سوچ رہی ہے۔علی متقی پبلک اسکول میں جانے والے بچوں کے بارے میں علامہ اقبال اور اکبر الہ آبادی کے اشعار اکثر سناتے ہیں:

گلا تو گھونٹ دیا اہل مدرسہ نے ترا

کہاں سے آئے صدا لاالہٰ ا لاّاللہ

(علامہ اقبال)

راہ مغرب میں یہ لڑکے کٹ گئے

واں نہ پہنچے اور ہم سے چھٹ گئے

(اکبر الہ آبادی)

علی متقی کے لئے سال 2013 کی سب سے بڑی خبر یہ ہے کہ جب کیوبک صوبے کی حکومت نے ہوم اسکولرز پر بھی سیکولر ایجوکیشن کا نصاب لازمی کر دیا تووہاں کے مذہبی یہودیوں کے ایک گروہ جس کا نام لیوطہور (خالص قلب) ہے نے ہجرت کا فیصلہ کر لیا۔علی متقی کے نزدیک موجودہ دور میں ہجرت کی اس سے بہتر وجہ اور کوئی نہیں ہو سکتی۔افسوس کے ساتھ کہنے لگے کے اونٹاریو میں مسلمانوں کے اندر جس وقت سیکولر پبلک ایجوکیشن کی ”افادیت“ پر مکالمہ ہو رہا تھا، اس وقت کیوبیک کے40 یہودی خاندانوں کے 200 افراد 18نومبر کو ایک بجے رات میں بسوں کے ایک قافلے کے ذریعے ہجرت کر کے جنوب مغربی اونٹاریو کے ایک ٹاون چیتھم کینٹ (Chatham-Kent) آرہے تھے۔ان کے مرد داڑھیوں میں اور ان کی عورتیں اور بچیاں نقاب اور حجاب میں ملبوس تھیں۔بالکل اسی طرح جس طرح مکمل حجابی اور نقابی مسلم عورتیں ہوتی ہیں۔ ان کے بچے پبلک اسکول کبھی نہیں گئے تھے۔ انھوں نے اپنی تعلیم کا انتظام اپنے گھروں کے ماحول میں اخلاقی اور مذہبی معلم اور مربی کی نگرانی میں کر رکھا تھا۔لیکن جب اس پر بھی صوبائی حکومت نے سیکولرزم کا بم چلا دیا تو وہ لوگ ہجرت پر مجبور ہو گئے ۔علی متقی نے کہا کہ ”2012 میں بل13 کے پاس ہونے کے بعد کئی عیسائی خاندان ہیملٹن، اونٹاریو سے ہجرت کر کے دوسرے صوبوں میں منتقل ہو گئے لیکن مجھے ابھی تک کسی ایسی مسلم فیملی کا پتہ نہیں چلا کہ اس نے صرف اس بنیاد پر ہجرت کی ہو۔“ متقی کے نزدیک

وائے   ناکامی  متاع    کارواں   جاتا   رہا

کارواں کے دل سے احساس زیاں جاتا رہا

علی متقی اس معاملہ میں اتنے حساس ہیں کہ اکثر جذبات میں ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)(اشاعت اول: ماہنامہ آفاق ٹورانٹو کینیڈا، جنوری  ۲۰۱۴)

(اس ڈائری کے تمام کردار فرضی ہیں۔اتفاقی مماثلت کا ذمہ دار نہ ملّا ہے اور نہ اس کالم کا پبلشر بلکہ تلاش کرنے والا خود اس کا ذمہ دار ہے)

Bookmark and Share
Print This Post Print This Post

You must be logged in to post a comment Login